لاڑکانہ: قمبر کے قریب ماہی مکول تھانے کی حدود گاؤں حاکم شاہ تھانوریو میں مبینہ طور پر زرعی زمین کے تنازع پر سید برادری کے دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا،
جس کے نتیجے میں عبداللہ شاہ اپنے دو بیٹوں رضوان شاہ اور ثناء اللہ شاہ سمیت زخمی ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفصیلات حاصل کرنے کے بعد زخمیوں کو ورثا کے ہمراہ تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر منتقل کیا، جہاں 52 سالہ عبداللہ شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا،
جبکہ رضوان شاہ اور ثناء اللہ شاہ کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
مقتول کے رشتے دار امیر شاہ نے رابطہ کرنے پر الزام عائد کیا کہ فتن شاہ کے گروپ نے زمین کے تنازع پر مسلح ہوکر حملہ کیا،
جس کے نتیجے میں عبداللہ شاہ قتل ہوگیا جبکہ اس کے دونوں بیٹوں کو زخمی کرنے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔
انہوں نے ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ سے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
حاکم شاہ تھانوریو قمبر کے زمینی تنازع پر جھگڑے میں عبداللہ شاہ جاں بحق


