نوبیل فاؤنڈیشن نے جمعہ کو کہا ہے کہ رواں سال کے نوبیل انعامات کے فاتحین جن کا اعلان 5 سے 12 اکتوبر کے دوران کیا جائے گا، ہر شعبے میں 12 ملین کرونر (1.21 ملین امریکی ڈالر) انعامی رقم وصول کریں گے جو 2025 میں 11 ملین کرونا تھی۔
یہ اضافہ تقریباً 1 لاکھ 1500 امریکی ڈالر کے برابر ہے جبکہ نوبیل انعام کی چھ میں سے کسی بھی کیٹیگری میں ایک سے زائد فاتح ہونے کی صورت میں یہ رقم ان کے درمیان تقسیم کی جائے گی۔
نوبیل فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر ہانا شیارنے نے ایک بیان میں کہا کہ اس سال ہم نوبیل انعام کی 125ویں سالگرہ منارہے ہیں اور اسی مناسبت سے ہمیں خوشی ہے کہ ہم انعامی رقم میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انعامی رقم میں اضافہ کرکے ہم نوبیل انعام کی طویل المدتی اہمیت برقرار رکھ رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ انعام کا مالی حصہ وقت گزرنے کے ساتھ اپنی قدر برقرار رکھے۔
نوبیل انعامات پہلی مرتبہ 1901 میں دیے گئے تھے جب ہر شعبے میں انعامی رقم 150,782 کرونر تھی۔




