تیمرگرہ: ہلال احمر کا صحافیوں کے لیے ’’خطرات سے آگاہی اور محفوظ رویوں‘‘ پر تربیتی سیمینار

شیئر کریں

تیمرگرہ: ہلال احمر کے زیر اہتمام صحافیوں کے لیے ’’خطرات سے آگاہی اور محفوظ رویوں‘‘ پر تربیتی سیمینار
ہنگامی حالات اور فیلڈ میں رپورٹنگ کے دوران صحافی اپنی ذاتی حفاظت کو مقدم رکھیں، صدر پریس کلب حلیم اسد و دیگر کا خطاب

تیمرگرہ (اسماعیل انجم سے) ہلال احمر پاکستان (پی آر سی ایس) لوئر دیر برانچ کے زیر اہتمام انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (ICRC) کے تعاون سے ڈسٹرکٹ پریس کلب تیمرگرہ کے صحافیوں کے لیے ’’خطرات سے آگاہی اور محفوظ رویوں کے فروغ‘‘ (RASB) کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔


سیمینار سے پی آر سی ایس خیبر پختونخوا برانچ کے ڈپٹی ڈائریکٹر زبیر صمد نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے صحافیوں کو بارودی مواد، جنگ کے بعد کی پیچیدہ صورتحال، آفات و حادثات، ذاتی تحفظ کی تدابیر، بروقت ردِعمل اور حساس حالات میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے اصولوں سے آگاہ کیا۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ سیکرٹری محمد اسلام، پی آر سی ایس لوئر دیر کے فوکل پرسن بخت رحمن اور مقامی صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے زور دیا کہ میڈیا کارکنان عوام تک آگاہی پہنچانے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں، لہٰذا ان کا خود حفاظتی اصولوں سے لیس ہونا ناگزیر ہے۔
ڈسٹرکٹ پریس کلب تیمرگرہ کے صدر حلیم اسد اور دیگر صحافیوں نے ہلال احمر کی اس پیشرفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی حالات اور قدرتی آفات کے دوران صحافی فرنٹ لائن پر ہوتے ہیں، مگر فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی پیشہ ورانہ ورکشاپس صحافیوں کو فیلڈ میں درپیش خطرات کا درست ادراک کرنے اور عوام کو باخبر رکھنے میں بے حد معاون ثابت ہوں گی۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے