تیمرگرہ: ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفس اور چائلڈ پروٹیکشن یونٹ دیر پائین کے اشتراک سے بچوں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق ایک روزہ آگاہی و تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید اکرم شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ورکشاپ میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر جہانزیب پاشا، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر محمد طیب، محکمہ تعلیم کے افسران، سکول لیڈرز، اساتذہ، بازار یونین کے نمائندوں، سول سوسائٹی اور صحافیوں نے شرکت کی۔ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر محمد طیب نے بچوں کے تحفظ، قانونی نکات، حساس معاملات اور متعلقہ ذمہ داریوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر جہانزیب پاشا نے کہا کہ بچے ملک و قوم کا مستقبل ہیں، ان کی بہتر تربیت اور تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مہمان خصوصی سید اکرم شاہ نے کہا کہ بچوں کا تحفظ معاشرے کا تحفظ ہے، انتظامیہ اور کمیونٹی باہمی تعاون سے حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنائیں۔
شرکاء نے عہد کیا کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں بچوں کے تحفظ سے متعلق آگاہی مزید عام کریں گے، جبکہ تربیتی مواد کی مدد سے مختلف کمیونٹی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔




