لاڑکانہ: لاڑکانہ میں گسٹاء تعلقہ کی جانب سے ڈائریکٹر سیکنڈری اللہ بخش سومرو اور گورنمنٹ سینٹ جوزف ہائی اسکول کے چیف ہیڈماسٹر گل شیر سومرو کی جانب سے گسٹاء رہنماؤں کو کمپلسری ریٹائرمنٹ سمیت مختلف سزائیں دینے اور مبینہ میڈیا ٹرائل کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا،
اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر شدید نعرے بازی کی جبکہ چیف ہیڈماسٹر کا پتلا بھی نذرِ آتش کیا گیا۔

اس موقع پر گسٹاء ضلع لاڑکانہ کے صدر جی ایم ابڑو، دلدار چانڈیو، خالد بھٹو، ممتاز شاہانی، عبدالحمید ابڑو، ماجد علی خاصخیلی، میر محمد کولاجی اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ لاڑکانہ کے ڈائریکٹر سیکنڈری اللہ بخش سومرو نے گورنمنٹ سینٹ جوزف ہائی اسکول کے چیف ہیڈماسٹر گل شیر سومرو کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کرکے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد پریل شیخ اور ہیڈماسٹر حق نواز نوناری کی مبینہ ایما پر گسٹاء رہنماؤں کے خلاف کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر سیکنڈری نے گزشتہ 28 اگست کو گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول رحمت پور کے ایس ایچ ٹی استاد اور گسٹاء تعلقہ صدر نظر محمد مگسی پر بدانتظامی، بدنظمی اور اسکول کے معاملات میں مداخلت کے الزامات عائد کرکے انہیں کمپلسری ریٹائرمنٹ کا حکم دیا، حالانکہ ان کے مطابق ڈائریکٹر سیکنڈری کو کسی استاد کو کمپلسری ریٹائرمنٹ دینے کا قانونی اختیار حاصل نہیں، جبکہ اپنے اختیارات کا مبینہ ناجائز استعمال کرتے ہوئے گسٹاء یونٹ سینٹ جوزف ہائی اسکول کے رہنماؤں نیاز حسین سومرو اور سجاد حسین جعفری کی تین تین سالانہ انکریمنٹس بھی ختم کردی گئی ہیں۔
گسٹاء رہنماؤں نے کہا کہ جن الزامات کی بنیاد پر ان کے رہنماؤں کو کمپلسری ریٹائرمنٹ اور دیگر سزائیں دی گئی ہیں، ان کے واضح ثبوت تاحال سامنے نہیں لائے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ڈائریکٹر سیکنڈری اللہ بخش سومرو اور چیف ہیڈماسٹر گل شیر سومرو مبینہ طور پر کسی کی ایما پر گسٹاء رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہے ہیں، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے اساتذہ میں شدید بے چینی پھیل رہی ہے اور مستقبل کے معمار بچوں کو تعلیم سے محروم کرنے کے ساتھ ساتھ اسکولوں کا ماحول بھی خراب کیا جا رہا ہے۔ گسٹاء رہنماؤں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، وزیر تعلیم سید سردار شاہ، سیکریٹری تعلیم اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈائریکٹر سیکنڈری اللہ بخش سومرو، چیف ہیڈماسٹر گل شیر سومرو، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد پریل شیخ اور ہیڈماسٹر حق نواز نوناری کو عہدوں سے ہٹا کر ان کی جگہ ایماندار اور تعلیم دوست افسران و ہیڈماسٹرز مقرر کیے جائیں اور گسٹاء رہنماؤں کے خلاف جاری کیے گئے مبینہ غیر قانونی احکامات واپس لیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان کیا گیا۔


