لاڑکانہ: پی پی ایچ آئی کے تحت 93 ڈسپنسریاں اور ہسپتال قائم، 30 صحت مراکز 24 گھنٹے فعال

شیئر کریں

لاڑکانہ: پی پی ایچ آئی کے ضلعی مینیجر لاڑکانہ جنید احمد سوہو نے کہا ہے کہ ضلع لاڑکانہ میں پی پی ایچ آئی کے تحت 93 ڈسپنسریاں اور ہسپتال قائم ہیں، جن میں سے 30 سے زائد صحت مراکز 24 گھنٹے فعال ہیں۔

ان مراکز میں مریضوں کو علاج کے ساتھ زچگی کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں اور متعلقہ عملہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔ ماہانہ اعداد و شمار کے مطابق یہاں تقریباً ایک ہزار نارمل ڈیلیوریاں کرائی جاتی ہیں۔

انہوں نے یہ بات صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جنید احمد نے بتایا کہ پی پی ایچ آئی کے تمام صحت مراکز پر ادویات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔

ہر ماہ کی یکم سے سات تاریخ تک ضلع کی ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کو ادویات پہنچا دی جاتی ہیں تاکہ پورے ماہ کا اسٹاک موجود رہے اور مریضوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے فعال صحت مراکز پر رات کے وقت ایمرجنسی کی صورت میں بھی علاج کی سہولت موجود ہے۔ ان مراکز پر تین شفٹوں میں ڈاکٹرز، لیبر روم اور آپریشن تھیٹر کا عملہ اپنے فرائض انجام دیتا ہے۔ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ متعلقہ ڈسپنسریوں اور ہسپتالوں میں 24 گھنٹے بجلی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ کئی مراکز پر سولر سسٹم بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی کا تسلسل برقرار رہے۔ ضلعی مینیجر نے مزید بتایا کہ ادویات کے اسٹوریج کے لیے قائم ویئر ہاؤس میں کولڈ اسٹوریج روم بھی موجود ہے جہاں ایمرجنسی ادویات، انجکشن اور لیبر روم میں استعمال ہونے والی مخصوص ادویات محفوظ رکھی جاتی ہیں اور ضرورت کے مطابق متعلقہ صحت مراکز کو بھیجی جاتی ہیں۔

ادویات کے معیار اور ایکسپائری کو یقینی بنانے کے لیے مخصوص سافٹ ویئر کے ذریعے ختم ہونے کے قریب ادویات کی نشاندہی کی جاتی ہے، جس کے بعد انہیں وینڈر کو واپس بھیج کر بروقت تبدیل کرایا جاتا ہے تاکہ مریضوں کو معیاری اور محفوظ ادویات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف ڈونرز کی جانب سے فراہم کردہ ادویات بھی ضرورت کے مطابق استعمال کی جاتی ہیں۔ ہر ماہ ادویات کی مطلوبہ فہرست تیار کر کے سات تاریخ تک ضلع کے تمام ہسپتالوں اور صحت مراکز تک ادویات پہنچانے کی کوش کی جاتی ہے۔

دوائیوں کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔جنید احمد نے بتایا کہ ویئر ہاؤس میں ایمرجنسی کی صورت میں، خاص طور پر آگ لگنے کی صورت میں، عملے کے محفوظ انخلا کے لیے چار دروازے موجود ہیں اور آگ سے بچاؤ کا ضروری سامان بھی رکھا گیا ہے۔

شربت، کیپسول اور مخصوص درجہ حرارت پر رکھنے والی ادویات کو الگ الگ مقامات پر محفوظ کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ویئر ہاؤس میں ڈیٹا اور اسٹیشنری کے لیے الگ سیکشن قائم ہے جہاں سے ڈاکٹرز کے پین، پیڈ، فیملی پلاننگ کارڈ، ڈسچارج کارڈ اور دیگر ضروری سامان ضلع کے مختلف صحت مراکز کو فراہم کیا جاتا ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پی پی ایچ آئی کی بنیادی ترجیح عوام کو ان کے گھروں کے قریب معیاری طبی سہولیات، بروقت ادویات اور ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کرنا ہے.


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے