مٹھی: ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے ضلعی کوآرڈینیشن کمیٹی فار ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں سمیت ضلع میں موجود چینی انجینئرز اور غیر ملکی ماہرین کی مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ان کی نقل و حرکت اور کام کی جگہوں پر خصوصی نگرانی کی جائے۔
ڈی سی نے ہدایت کی کہ ضلع میں موجود تمام مدارس اور وہاں زیر تعلیم طلبہ کی رجسٹریشن جلد مکمل کی جائے، جبکہ غیر رجسٹرڈ مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو بھی فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنی حدود میں آج کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، اس کے علاوہ سرکاری زمینوں، گوچر زمینوں اور شہر میں قائم تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی شروع کریں۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں غیر قانونی، غیر معیاری اور کم مقدار میں پیٹرول فروخت کرنے والے پیٹرول پمپوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے، جبکہ اگر کہیں ایرانی پیٹرول کی فروخت کی اطلاع ملے تو اس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ تاجروں کے گوداموں کی بھی جانچ پڑتال کی جائے۔
انہوں نے محکمہ ایکسائز، ریونیو اور کسٹمز کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع میں منشیات کے خاتمے سمیت نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، غیر قانونی سگریٹوں، منشیات اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے لیے مشترکہ اور مؤثر کارروائی کی جائے، جبکہ اب تک کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔

ڈی سی نے کہا کہ ضلع میں موجود اینٹوں کے بٹہوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور وہاں کام کرنے والے غیر ملکی یا غیر رجسٹرڈ مزدوروں باالخصوص غیرقانونی مقیم افغانیوں کی نشاندہی کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔انہوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکریٹری کو ہدایت کی کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی، اوورلوڈنگ اور زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے بجلی چوری کرنے والوں، پیشہ ور بھکاریوں، بچوں سے جبری مشقت لینے والوں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت اقدامات کرنے کی ضرورت پر بہی زور دیا۔اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے مکموں کی جانب سے کی گئی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

رپورٹ: نند لال لوہانہ


