لاڑکانہ: سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی اپیل پر شاہ لطیف اسکاؤٹس لاڑکانہ اور گلوبل سائنس کالج کے اسکاؤٹس یونٹ کی جانب سے “معرکۂ حق اسکاؤٹ ریلی” جناح باغ لاڑکانہ سے اوٹھا چوک تک نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت اسکاؤٹس لیڈر استاد گل دایو، علی حسنین میمن، جی ایم مغیری اور عمران علی کلہوڑو نے کی جبکہ ایڈووکیٹ عابد علی کلہوڑو، فیاض حسین شیخ سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔
45 ڈگری سینٹی گریڈ کی شدید گرمی میں نکالی گئی ریلی اسٹیشن روڈ، ریلوے پل، اتاترک ٹاور اور اللہ آباد محلہ سے ہوتی ہوئی اوٹھا چوک پہنچی۔

اس سے قبل جناح باغ میں اسکاؤٹس سے حلف لیا گیا جبکہ مقررین نے معرکۂ حق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے تاریخی دن پاک فوج کے جوانوں نے دشمن بھارت کے خلاف بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی جنگی طیارے تباہ کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
انہوں نے پاک فوج کی جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ریلی کے دوران شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے پُرجوش نعرے بھی لگائے۔ ریلی کے اختتام پر تمام اسکاؤٹس سماجی رہنما ندیم اکبر سیال کی میزبانی میں ان کے گاؤں فرید آباد پہنچے جہاں ان کی تواضع کی گئی۔

رپورٹ: نادر مائری


