مکھی لکھمی چند کی خدمات کا اعتراف، مٹھی شہر کا اہم چوراہا آنجہانی سماجی شخصیت سے منسوب

شیئر کریں

تھر کی تاریخی و سماجی شخصیت مکھی لکھمی چند کے نام سے مٹھی میں چوک منسوب، نوٹیفکیشن جاری
مٹھی: وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے مٹھی شہر کے ایک اہم چوک کو تھر کی ممتاز تاریخی، ثقافتی اور سماجی شخصیت مکھی لکھمی چند کے نام سے منسوب کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
آج یہاں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، مٹھی شہر میں واقع "مول چند آٹا چکی موڑ” اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول (ویسٹ مٹھی) کے قریب واقع چوک کو اب "مکھی لکھمی چند چوک” کے نام سے جانا جائے گا اور آئندہ اسے اسی نام سے لکھا اور پڑھا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مکھی لکھمی چند مٹھی کے سپوت تھے، جن کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ تھری ثقافت، تاریخ اور سماجی بہتری کے لیے ان کی گراں قدر خدمات ہماری اجتماعی شناخت کا حصہ ہیں۔
چوک کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کی یاد کو زندہ رکھنا ہے۔ اسی سلسلے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں اس چوک کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں میونسپل کمیٹی مٹھی، چیف میونسپل آفیسر اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر چوک پر "مکھی لکھمی چند چوک” کے نام کا بورڈ نصب کیا جائے۔

رپورٹ : نند لال لوہانہ


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے