ایران کے چیف مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے مغربی ذرائع ابلاغ اور امریکی میڈیا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے متعلق جھوٹی خبریں اور نفسیاتی دباؤ پیدا کرنے کی مہم ناکام ہو چکی ہے،آپریشن ٹرسٹ می برو ناکامی سے دوچار ہو گیا، اب دوبارہ “فاکسویس” کے ذریعے معمول کی پروپیگنڈا مہم شروع کر دی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی خبر رساں ویب سائٹ “ایکسیئس” کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کا نام بدل کر “فاکسویس” قرار دیا۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ دشمن ذرائع ابلاغ دانستہ طور پر ایسی اطلاعات پھیلا رہے ہیں جن کا مقصد ایران کے خلاف نفسیاتی جنگ کو تیز کرنا اور عوامی سطح پر بے یقینی پیدا کرنا ہے، مغربی میڈیا ایک منظم حکمت عملی کے تحت ایران کو کمزور اور تنہا ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس سے قبل محمد باقر قالیباف نے اپنے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ مخالف قوتیں بحری ناکہ بندی، معاشی دباؤ اور میڈیا پروپیگنڈے کو ایک ساتھ استعمال کر کے ایران کو اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں تاکہ ملک کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جا سکے، تاہم ایرانی قوم اس دباؤ کو بخوبی سمجھتی ہے اور اس کے مقابلے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات ایران کی تاریخ کا نہایت حساس مرحلہ ہیں اور قوم کو اس وقت اتحاد، مزاحمت اور استقامت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ایرانی عوام جانتے ہیں کہ بیرونی دباؤ کا اصل مقصد صرف سیاسی نہیں بلکہ قومی خودمختاری کو متاثر کرنا بھی ہے۔
ایرانی پارلیمان کے اسپیکر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ تہران کسی بھی قسم کے دباؤ، دھمکی یا پروپیگنڈے کے سامنے جھکنے والا نہیں اور ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔




