لاڑکانہ: لاڑکانہ میں محکمہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) کے ریجنل دفتر کی جانب سے “ہماری طاقت، ہمارا سیارہ” کے عنوان سے جناح باغ چوک سے پریس کلب تک آگاہی ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں سیپا کی ٹیم، مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سید ممتاز علی شاہ اور دیگر افسران نے کہا کہ “ہماری طاقت، ہمارا سیارہ” کا موضوع اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ماحول کا تحفظ ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ درخت لگانا، پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور قدرتی وسائل کا تحفظ ہی وہ اقدامات ہیں جن کے ذریعے ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول یقینی بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ ارض کے حوالے سے اس نوعیت کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام میں ماحولیاتی شعور کو فروغ دیا جا سکے اور ایک صحت مند، صاف اور پائیدار ماحول کے قیام کو ممکن بنایا جا سکے۔ دوسری جانب سیپا کی جانب سے ریلی کے دوران شجرکاری مہم بھی چلائی گئی، جس کے تحت پودے لگائے گئے تاکہ ماحول کو سرسبز اور صاف بنایا جا سکے۔

رپورٹ نادر مائری


