سکھر: نیو پنڈ تھانے کی حدود مدینہ مائیکرو کالونی میں واقع دعا کمیونیکیشن نامی دکان میں نامعلوم چوروں نے رات کی تاریکی میں تالے توڑ کر 6 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان اور نقد رقم چوری کر لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق مدینہ مائیکرو کالونی میں دعا کمیونیکیشن کے مالک سید عامر شاہ بخاری کی دکان کے تالے توڑ کر چور دکان میں داخل ہوئے اور قیمتی سامان سمیٹ کر لے گئے۔

چوری ہونے والے سامان میں 210 اوساكا بیٹری، یو پی ایس، ڈاؤن لوڈنگ کمپیوٹر سسٹم، دو موبائل فون، موبائل ایکسیسریز جبکہ دو لاکھ 77 ہزار روپے نقد شامل ہیں۔
صبح کے وقت جب دکان کا مالک سید عامر شاہ بخاری دکان کھولنے پہنچا تو دروازہ کھلا اور تالے ٹوٹے ہوئے تھے، جس پر اس نے فوری طور پر مائیکرو چونکی پر اطلاع دی جہاں این سی درج کی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور جائے واردات کا معائنہ شروع کر دیا۔ پولیس کو موقع سے چوروں کی جانب سے چھوڑا گیا کچھ سامان، ٹوٹے تالے اور دیگر شواہد ملے جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
اس موقع پر دکان کے متاثرہ مالک سید عامر شاہ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میں ایک غریب اور محنت کش انسان ہوں، ایزی پیسہ اور ڈاؤن لوڈنگ کا کام کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہوں۔
رات کے وقت میرے دکان کے تالے توڑ کر چور میرا مکمل ڈاؤن لوڈنگ سسٹم، قیمتی سامان اور نقد رقم لے کر فرار ہو گئے ہیں۔
پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔”انہوں نے ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ چوری شدہ سامان اور رقم برآمد کرا کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ دار ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔


