سکھر: میونسپل انتظامیہ کی نااہلی، گھنٹہ گھر چاڑی سکھر شہریوں کے لیے عذاب بن گئی تفصیلات کے مطابق میونسپل انتظامیہ کی غفلت اور ناقص کارکردگی ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی۔ چند روز قبل گھنٹہ گھر چاڑی سکھر میں ایک خستہ حال مکان گرنے کے باعث اس کا ملبہ مین گھنٹہ گھر چاڑی روڈ پر آ گرا، تاہم ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود ملبہ تاحال نہ اٹھایا جا سکا۔ملبہ پڑا رہنے کے باعث علاقے میں شدید ٹریفک جام معمول بن چکا ہے جبکہ نکاسی آب کا گندا پانی سڑک پر پھیل جانے سے صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔ اس گندگی اور بندش کی وجہ سے نمازیوں، اسکول جانے والے بچوں، بزرگوں اور روزمرہ آمد و رفت کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارہا متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ سکھر کو ”پیرس“ بنانے کے دعوے کرنے والے ذمہ داران اس سنگین مسئلے پر مکمل خاموش کیوں ہیںشہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ملبہ ہٹایا جائے، نکاسی آب کا نظام درست کیا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔
سکھر میونسپل انتظامیہ کی نااہلی، گھنٹہ گھر چاڑی روڈ پر منہدم مکان کے باعث ٹریفک کئی روز سے شدید متاثر


