ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی زیرِ صدارت گذشتہ انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ اجلاس
سکھر: ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی زیرِ صدارت 15 دسمبر سے 21 دسمبر 2025 تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کا جائزہ اجلاس اور کارکردگی پر مبنی تعریفی تقریب منعقد ہوئی۔

اجلاس میں ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر علی گل شاہ، اے ڈی سی ٹو بشرا منصور، اسسٹنٹ کمشنر عروت الوثقیٰ، اسسٹنٹ کمشنر ماجد ماکو، پولیو مہم سے وابستہ افسران، محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، عالمی ادارہ صحت، پولیس، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اس قومی فریضے کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے حالیہ پولیو مہم کے دوران فیلڈ ٹیموں، سپروائزروں اور سیکیورٹی اداروں کی مثالی کارکردگی اور پیشہ ورانہ جذبے کو سراہتے ہوئے پولیو ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ہر بچے تک پولیو کے قطرے پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے مؤثر ٹیم ورک، بہتر مائیکرو پلاننگ اور سخت نگرانی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن یونین کونسلز میں کارکردگی بہتر رہی، وہ دیگر علاقوں کے لیے مثال ہیں، جبکہ جہاں بہتری کی گنجائش موجود ہے وہاں آئندہ مہم میں مزید محنت اور توجہ درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماکا پمپنگ اسٹیشن سے حاصل ہونے والے ماحولیاتی نمونے کا مثبت آنا ایک سنجیدہ چیلنج ہے، تاہم وہاں کسی مقامی وائرس کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی، اس کے باوجود اس علاقے میں مزید مؤثر اقدامات اور بھرپور محنت کی ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے ہدایت کی کہ جن یونین کونسلز کی کارکردگی تسلی بخش نہیں، وہاں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے مشورے سے یوسی ایم اوز، انچارجز اور بعض پولیو ورکرز کو دیگر یونین کونسلز کے اسٹاف کے ساتھ تبدیل کیا جائے تاکہ کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے پولیو افسران کو ہدایت کی کہ گذشتہ چند مہمات کے دوران فراہم کردہ ڈیٹا میں واضح فرق نظر نہیں آ رہا، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ اعداد و شمار زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کر رہے، اس لیے یوسی وائز ڈیٹا کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے تاکہ اصل مسائل کی نشاندہی ہو سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نے فیلڈ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیو ورکرز، سپروائزروں اور متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز درحقیقت قوم کے ہیرو ہیں جو شدید موسم اور مشکل حالات کے باوجود بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر سکھر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آنے والی پولیو مہمات میں مزید مؤثر حکمتِ عملی، سخت مانیٹرنگ اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کام کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔
اس موقع پر پولیو ورکرز کے کنٹریکٹ ختم ہونے پر الوداعی ملاقات بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگرچہ اسٹاف کے جانے سے وقتی طور پر کام میں خلا پیدا ہو سکتا ہے، تاہم یہ تمام ورکرز جہاں بھی خدمات انجام دیں گے، بہترین کردار ادا کریں گے، جبکہ ان کی جگہ پر جامع منصوبہ بندی کے تحت نئے انتظامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں گزشتہ انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کی مجموعی کارکردگی، حاصل شدہ اہداف، فیلڈ سرگرمیوں اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران پولیو افسر نے بعض یونین کونسلز میں درپیش مسائل، مسڈ چلڈرن، ڈیٹا ویریفکیشن اور کمیونٹی تعاون سے متعلق امور پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور آئندہ مہمات میں ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی پیش کی۔ اجلاس میں پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔

بیورو رپورٹ


