سکھر: یو سی 9 نیو گوٹھ کے چیئرمین ذاکر بندھانی کا الزامات پر دوٹوک مؤقف، بلیک میلنگ کو مسترد، عوامی فنڈز کے شفاف استعمال کا عزم
سکھر: یونین کونسل 9 نیو گوٹھ کے چیئرمین ذاکر بندھانی نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ان کے خلاف منظم پروپیگنڈہ، احتجاجی مظاہروں اور سوشل میڈیا مہم کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،جس کا مقصد عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختص یو سی فنڈز سے ذاتی مفادات حاصل کرنا ہے، تاہم وہ کسی صورت عوام کے پیسوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے۔چیئرمین ذاکر بندھانی نے بتایا کہ ایک جنرل کونسلر، جو پہلے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے، پانچ لاکھ روپے کا بجلی کا بل آنے کے باعث مکان خالی کرنے پر مجبور ہوئے۔ اس کے بعد مختلف حربے استعمال کرتے ہوئے ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ یو سی فنڈز میں سے غیرقانونی طور پر رقم فراہم کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ فنڈز عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے ہیں اور ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے جنرل کونسلر کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ وارڈ میں کوئی کام نہیں ہو رہا، نہ پانی کا مسئلہ حل کیا جا رہا ہے اور نہ صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام موجود ہے۔ ذاکر بندھانی کے مطابق وہ خود متعلقہ وارڈ کا دورہ کر چکے ہیں،جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا ہے اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے۔
پانی کے کم پریشر سے متعلق الزام پر چیئرمین نے وضاحت کی کہ پانی کا پریشر ان کے براہِ راست اختیار میں نہیں اور اس کا ترقیاتی کاموں سے کوئی تعلق نہیں، لہٰذا اس مسئلے کو بنیاد بنا کر ان پر الزام تراشی محض بلیک میلنگ کا ایک طریقہ ہے۔چیئرمین ذاکر بندھانی نے اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سکھر کی قیادت سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کو لگام دی جائے جو ذاتی مفادات کے لیے عوامی نمائندوں اور اداروں کو بدنام کر رہے ہیں، تاکہ انہیں اپنی یونین کونسل کی عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لیے یکسو ہو کر کام کرنے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ یونین کونسل 9 کی باشعور عوام، وائس چیئرمین اور اکثریتی کونسلرز ان کے ساتھ ہیں۔ یو سی میں اب تک جتنے بھی ترقیاتی کام مکمل ہوئے ہیں یا جاری ہیں، وہ تمام شفاف طریقے سے یو سی فنڈز کے ذریعے ممکن بنائے گئے ہیں۔
اس حوالے سے چیئرمین ذاکر بندھانی نے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کے کردار کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ میئر سکھر نے یونین کونسل میں باقی رہ جانے والے ترقیاتی کاموں، بالخصوص گلیوں کی بہتری اور پانی کے مسائل کے حل کے لیے جلد اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کے مطابق میئر سکھر کی قیادت میں شہر بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور یو سی 9 میں بھی انشاء اللہ بہت جلد عوام کو واضح بہتری نظر آئے گی۔آخر میں چیئرمین ذاکر بندھانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شفافیت، دیانتداری اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے یونین کونسل کے وسائل صرف اور صرف عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے اور کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ یا دباؤ میں نہیں آئیں گے۔


