سکھر: سکھر پولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کے دوران مردہ پرندوں کی بین الصوبائی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں مردہ پرندے برآمد کر لیے جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایات پر تھانہ پٹنی پولیس نے ایس ایچ او عمران بھیو کی قیادت میں خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے تھانے کی حدود میں مردہ پرندوں کی غیر قانونی ترسیل کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم عبدالوقار ڈنڈن کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بڑی تعداد میں مردہ پرندے برآمد کیے۔پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے مردہ پرندوں میں 125 عدد مینا اور 170 عدد جنگلی کبوتر شامل ہیں، جنہیں ملزم غیر قانونی طور پر پنجاب سپلائی کرنے جا رہا تھا۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس غیر قانونی دھندے کو ناکام بنا دیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ غیر قانونی طور پر جنگلی پرندوں کا شکار کر کے انہیں مردہ حالت میں پنجاب منتقل کرتا تھا، جہاں یہ پرندے مختلف ہوٹلز اور سوپ وغیرہ میں استعمال کیے جاتے تھے۔مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ مردہ پرندوں کو محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔دریں اثناء ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباشی کا پیغام دیا اور کہا کہ سکھر پولیس جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔


