سکھر: روہڑی کے مسان روڈ قبرستان میں جوا، عوامی شکایات پر ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کا فوری ایکشن روہڑی کے مسان روڈ قبرستان میں جوا کھیلنے کی عوامی شکایات پر ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے فوری اور سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔ ایس ایس پی کی ہدایت پر ایس ایچ او روہڑی جہانگیر مہر کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے قبرستان میں چھاپہ مارا، جس کے نتیجے میں متعدد جواریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہریوں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ مسان روڈ قبرستان میں کھلے عام جوا کھیلا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف قبرستان کا تقدس پامال ہو رہا ہے بلکہ علاقے میں سماجی برائیوں کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ ان شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے فوری طور پر ایس ایچ او روہڑی کو سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی۔پولیس کارروائی کے دوران قبرستان اور اس کے اطراف سے متعدد جواریوں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا، جبکہ جوا کھیلنے میں استعمال ہونے والا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف جوئے کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات، جوا اور دیگر سماجی برائیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سماجی برائیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور قانون توڑنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے جرائم اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور جہاں کہیں بھی اس قسم کی سرگرمیوں کی اطلاع ملے گی، فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔پولیس کی اس بروقت کارروائی پر علاقہ مکینوں اور شہریوں نے ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل، ایس ایچ او روہڑی جہانگیر مہر اور پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح سماجی برائیوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

بیورو رپورٹ


