لاڑکانہ: انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر لاڑکانہ میں ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ اعجاز اکبر جمالي اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ سارنگ ممتاز علی کی قیادت میں ڈی سی آفس لاڑکانہ سے ایس ایس پی چوک تک ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر اعجاز اکبر جمالي نے کہا کہ آج پوری دنیا میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
پاکستان کے آئین اور قانون میں انسانی حقوق کو تحفظ حاصل ہے۔ سندھ ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ نے ہمیشہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کیا ہے اور ان کے بارے میں آگاہی فراہم کی ہے۔ اس سلسلے میں ایس ایچ آر ڈی دیگر محکموں اور این جی اوز کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ آج کے اس خاص دن کے موقع پر ہم سب کو دعوت دیتے ہیں کہ ایس ایچ آر ڈی کے دروازے ہر فرد کے لیے کھلے ہیں، اگر کسی کو انسانی حقوق کے حوالے سے کوئی شکایت ہو تو وہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کے ساتھ آ کر اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے۔ ایس ایچ آر ڈی تمام شکایات کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ واک میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کاشف الدین جمالي، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ وقار احمد، ڈی ای او سیکنڈری عبدالرشید چانڈیو، ڈپٹی ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن گدا حسین عباسی، سول سوسائٹی کے رہنما آپا سکینہ اور نثار احمد مغيري، ایڈووکیٹ محسن شیخ، عبدالقدیر، پیارل ڈومکي سمیت مختلف محکموں کے افسران، این جی اوز کے نمائندے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رپورٹ نادر مائری


