سکھر میں بجلی صارفین کی رسائی کیلئے ہیلپ لائن 118 فعال کردی گئی، شکایات کا بروقت اندراج اور فوری ازالہ ممکن
سکھر: چیف ایگزیکٹو آفیسر سیپکو کی جانب سے چیف انجنیئرز، مینیجرز، ایس ایز آپریشن، ایکسئینز آپریشن، ایس ڈی اوز، آر اوز، لائن سپرنٹینڈنٹز اور میٹر سپروائزرز کے ساتھ نومبر 2025 کے رکوری اور لاسز کے حوالے سے سیپکو ہیڈ کوارٹر سکھر میں میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ کے دوران سی ای او سیپکوانجنیئر اعجاز احمد چنہ نے کہا ہے کہ ڈیوٹی میں غفلت، ریکوری اہداف کے حصول میں ناکامی، بجلی چوری اور لائن لاسز پر اگر قابو نہ پایا گیا تو افسران اور اہلکاروں کے خلاف مروجہ قانون کے تحت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انجنیئر اعجاز احمد چنہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان نے عوام کی سہولت اور فوری رہنمائی کے پیشِ نظر بجلی سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے خصوصی ہیلپ لائن 118 فعال کر دی ہے، جس کا مقصد بجلی صارفین کو تیز ترین رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی شکایات کا بروقت اندراج اور فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام متعلقہ افسران سیپکو کے معزز صارفین کو بہتر سروس ڈیلیوری فراہم کرنے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

رپورٹ رضوان لودھی


