انجن شیڈ کالونی سکھر میں سفید نوری مسجد کی ازسرنو تعمیر، مفتی ابراہیم قادری کا تقریب سے خطاب

شیئر کریں

سکھر: جانشین مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد ابراہیم قادری نے کہا ہے کہ مساجد کی تعمیر ایک بہت ہی بابرکت عمل ہے، جس کا مقصد صرف اللہ کی رضا حاصل کرنا ہوتا ہے؛ یہ ایک عبادت ہے جس میں ثواب ملتا ہے،مسجد کی تعمیر نہایت ہی فضیلت والا عمل ہے،اور اس کے ثواب کی کوئی حد نہیں ،جتنا اخلاص ہوگا اتنا ہی زیادہ ثواب ملے گا،مسجد کی تعمیر کے بارے میں نبی کریمﷺکا ارشاد ہے کہ جواللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے مسجد بنائے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں گھر بنائے گا، مساجد کی تعمیر ایک دینی فریضہ اور اجر کا کام ہے، جس کا مقصد اللہ کی عبادت کے لیے ایک پاکیزہ جگہ فراہم کرنا ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوئے انجن شیڈ کالونی میں احساس انسانیت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام (سفید نوری جامع مسجد ) کی از سر نو تعمیر کے بعد افتتاح کے موقع پر شرکاءسے خطاب فرماتے ہوئے کیا ، اس موقع پر احساس انسانیت فاﺅنڈیشن کے چیئرمین نثار آشرفی ، ڈائریکٹر محمد عارف سمیت مسجد انتظامیہ و احساس انسانیت فاﺅنڈیشن کے دیگر اراکین علاقہ معززین ، علماءکرام و دیگر شریک تھے ، افتتاح کے موقع پر علماءکرام نے دعا فرمائی اور (سفید نوری جامع مسجد ) کا نیا نام جامع مسجد فیضان ابن آدم رکھا گیا ، شرکاءسے خطاب کے دوران علماءکرام کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مسجد مسجد قباءاور پھر مسجد نبوی کی تعمیر رسولِ اکرم ﷺ کے ہاتھوں ہوئی، جس میں خود آپ نے شرکت کی، آج بھی لوگ مساجد بناتے ہیں تاکہ اللہ کا گھر قائم ہو اور لوگ وہاں عبادت کر سکیں،جو شخص صرف اللہ کی رضا کے لیے مسجد بناتا ہے، اللہ اس کے لیے جنت میں اس جیسی عمارت بناتا ہے مسجد وہ جگہ ہے جہاں مسلمان اجتماعی طور پر نماز ادا کرتے ہیں، اور اگر جمعہ کی نماز ہو تو اسے جامع مسجد کہتے ہیں۔اختتام تقریب ملک کی سلامتی و خوشحالی ، امن و امان سمیت امت مسلمہ کی تمام پریشانیوں کی نجات کیلئے خصوصی دعا فرمائی گئی ۔

رپورٹ رضوان لودھی


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے