تیل گیس تلاش کے سنجھورو بلاک میں ماحولیاتی اثرات پر دوسری پبلک ہیئرنگ بھی تنقید کی زد میں !!

شیئر کریں

سانگھڑ: معدنی وسائل کی ترقی میں ماحول پر اثرات کے جائزے کیلئے EIA پبلک ہیرنگ دوسری بار بھی غیر نمائندہ قرار، عوامی شرکت نہ ہونے پر اعتراضات سنجھوڑو بلاک میں تیل و گیس کی تلاش کے ماحولیاتی اثرات کے جائزے کے لیے منعقد کی گئی دوسری پبلک ہیرنگ بھی عوامی شمولیت کے فقدان کے باعث شدید تنقید کا شکار ہوگئی۔ شہریوں اور سماجی رہنماؤں نے اجلاس کو غیر نمائندہ قرار دیتے ہوئے عمل کی شفافیت پر سوال اٹھا دیے۔


اجلاس Environmental Impact Assessment (EIA) کے تحت Environmental Protection Agency (EPA) سندھ کی جانب سے منعقد کیا گیا، جبکہ تکنیکی معاونت SGS Pakistan (Private) Limited نے فراہم کی۔ سماعت Sinjhoro Block (EL 2568-5) کے منصوبے سے متعلق رکھی گئی تھی۔

مقامی رہائشیوں اور علاقوں کے معززین نے الزام عائد کیا کہ اجلاس میں عام شہریوں کو مدعو نہیں کیا گیا اور صرف محدود افراد کی شرکت تک اجلاس کو رکھا گیا، جس کے باعث عوامی نقطہ نظر اور مقامی خدشات سامنے نہیں آ سکے۔

شہریوں کے مطابق پبلک ہیرنگ کا مقصد متعلقہ آبادی کو اعتماد میں لینا ہوتا ہے، تاہم اس سماعت کی باقاعدہ اطلاع عوام تک نہیں پہنچائی گئی۔ متعدد دیہات اور یونین کونسلز کے افراد، جو منصوبے کے براہ راست اسٹیک ہولڈر ہیں، اجلاس سے لاعلم رہے۔

علاقہ مکینوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ تیل و گیس کی سرگرمیوں سے زیر زمین پانی، زرعی زمینوں اور ماحولیات پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، تاہم ان امور پر عوام کو سوال و جواب کا موقع فراہم نہیں کیا گیا، جو پبلک ہیرنگ کا لازمی حصہ سمجھا جاتا ہے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پبلک ہیرنگ کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ دوبارہ منعقد کیا جائے اور سنجھوڑو بلاک کے تمام متاثرہ دیہات اور متعلقہ طبقات کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

مقامی شہریوں نے ماحولیاتی رپورٹس اور متعلقہ دستاویزات کو بھی عوامی سطح پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر حکام کی جانب سے عوامی اعتراضات پر تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

رپورٹ وقار بھٹی


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے