پیپلزپارٹی کے یومِ تاسیس پر روہڑی میں تاریخی اور شاندار ریلی، ہزاروں کارکن شریک، پرجوش نعرے بازی

شیئر کریں

سکھر: پیپلز پارٹی کے 58 ویں یومِ تاسیس پر روہڑی میں تاریخی اور شاندار ریلی، ہزاروں کارکنان کی بھرپور شرکت۔پاکستان پیپلز پارٹی کے 58 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر پیپلز پارٹی سٹی روہڑی کی جانب سے ایک تاریخی، شاندار اور عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس نے شہر بھر میں جشنِ تاسیس کا سماں پیدا کر دیا۔ ریلی میں ہزاروں کارکنان، جیالوں، خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں نے شرکت کر کے شہید قائدین سے تجدیدِ عہد کیا۔ریلی کا آغاز ٹانگہ اسٹینڈ روہڑی سے ہوا، جس کی قیادت پیپلز پارٹی سٹی روہڑی کے صدر محمد اسلم میمن اور جنرل سیکریٹری عبدالخالق سولنگی نے کی۔ ریلی میں سینکڑوں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور کارکنان کے قافلے شامل تھے، جبکہ ہزاروں کارکنان نے شہر کو پارٹی کے سرخ، سبز اور سیاہ رنگوں میں رنگ دیا۔شرکاء ہاتھوں میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی تصاویر اور پارٹی پرچم اٹھائے نعرے بلند کرتے رہے۔ شاہی بازار، شہزادہ چوک، کربلا میدان, جی ٹی روڈ، بیڑی چوک اور کندھرا ناکہ پر ریلی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔راستے بھر جیالوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ پارٹی ترانوں کی گونج نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔روہڑی پریس کلب پہنچنے پر ریلی بھرپور نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹی صدر محمد اسلم میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی 58 سالہ جدوجہد، قربانیوں اور عوامی خدمت کا نام ہے۔
جنرل سیکریٹری عبدالخالق سولنگی نے اپنے تفصیلی خطاب میں کہا کہ 30 نومبر 1967 کو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں اور پسے ہوئے طبقات کو سیاسی آواز دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک فرد کا نہیں بلکہ نظریے، جدوجہد اور قربانیوں کا سفر ہے۔ شہید بھٹو نے 1973 کا آئین دیا، ملک کا دفاع مضبوط کیا اور عوام کو سیاسی شعور بخشا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ آصف علی زرداری نے مفاہمتی سیاست کے ذریعے ملک کو انتشار سے نکالا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نئی نسل کی امید اور جدید سیاسی سوچ کے علمبردار ہیں۔ آصفہ بھٹو زرداری سماجی انصاف اور انسانی حقوق کی مضبوط آواز بن کر ابھری ہیں۔عبدالخالق سولنگی نے کہا کہ 58 واں یومِ تاسیس اس عزم کی تجدید ہے کہ بھٹو ازم زندہ ہے، شہید بے نظیر بھٹو کا خواب زندہ ہے اور جیالا کبھی ہار نہیں مانتا۔ریلی کے اختتام پر تمام شرکاء ضلعی قیادت کے زیر اہتمام مرکزی یومِ تاسیس تقریب میں شریک ہوئے۔ یہ تقریب سکھر بیراج کے قریب روہڑی کے ایک نجی میرج ہال میں منعقد ہوئی، جہاں پارٹی ترانوں، نعروں، لائٹس اور جشنِ تاسیس کے رنگوں سے ماحول سجا ہوا تھا۔تقریب کی خاص بات پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویڈیو لنک خطاب تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 58 برسوں میں عوامی خدمت، جمہوریت کے استحکام، وفاق کی مضبوطی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیاں ملکی تاریخ کے روشن باب ہیں۔تقریب کے اختتام پر ہزاروں کارکنان نے پارٹی قیادت سے تجدیدِ عہد کیا کہ وہ بھٹو ازم، جمہوریت اور عوامی حقوق کی جدوجہد پر ہمیشہ قائم رہیں گے۔روہڑی اور سکھر میں یومِ تاسیس کی تقریبات اپنی مثال آپ ثابت ہوئیں۔

رپورٹ رضوان لودھی


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے