سکھر: بندر روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر عمر سعید راجپوت ، جنرل سیکریٹری عبدالعزیز ملک نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنا خوش آئند ہے البتہ ناقص حکمت عملی اور ٹھیکیدار کی عدم توجہی کے سبب ترقیاتی منصوبے عوام کے لئے مشکلات کا سبب بن سکتے ہیں، بندر روڈ پر سڑک کی کھدائی، پائپ لائن بچھانے کا کام بھی بغیر کسی حکمت عملی کے شروع کیا گیا تو اس سے نہ صرف عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے، انتظامیہ و ٹھیکیدار بندر روڈ کے تاجروں سے مشاورت کے بعد کام شروع کریں تاکہ تاجر برادری کے تحفظات دور کئے جاسکے. وہ اپنے دفتر میں تاجروں کے وفد سے بات چیت کررہے تھے. انہوں نے کہا کہ حکومت و انتظامیہ کی جانب سے شروع کردہ کاموں کو سراہتے ہیں مگر ناقص حکمت عملی کے سبب یہ ترقیاتی کام عوام کے لئے درد سر بن رہے ہیں اور سرکاری خزانے کی خطیر رقم بھی ضایع ہورہی ہے، حکومت سندھ، ڈویژنل و ضلعی اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ تاجروں کے تحفظات کا نوٹس لیکر ٹھیکیداروں کو موثر انداز سے کام کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ لوگوں کی پریشانی دور ہوسکے. اور کام کے آغاز سے قبل ایسی حکمت عملی تشکیل دی جائے جس سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔
بندر روڈ سکھر کے ترقیاتی منصوبوں کی ناقص حکمت عملی، کاروبار پر شدید منفی اثرات


