ھو جمالو لوکل ٹرین سروس‘ نیو گوٹھ اور نیو پنڈ سکھر میں پلیٹ فارم کی جگہ کا تعین

شیئر کریں

سکھر: ضلعی چیئرمین سکھر سید کمیل حیدر شاہ کی کاوشوں اور ٹاؤن چیئرمین مکی شاہ محمد دین راجپوت کی تجویز پر سکھر کے شہریوں کے لیے سستی اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کرنے کے سلسلے میں "ھوجمالو لوکل ٹرین سروس” کے آغاز کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ابتدائی مرحلے میں نیو گوٹھ اور نیو پنڈ کی عوام کو اس ٹرین کے سفر سے مستفید کرنے کے لیے پلیٹ فارم کی جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے مکی شاہ ٹاؤن کے وائس چیئرمین مرتضیٰ گھانگھرو، ٹاؤن آفیسر آصف دایو، ممبر مکی شاہ ٹاؤن و وائس چیئرمین یو سی 9 سید حسن شاہ گردیزی، انجینئر نعمت اللہ شیخ اور اکبر سومرو نے مشترکہ طور پر مجوزہ مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران مقامی ضروریات، عوامی سہولیات اور سفری رسائی کو مدِنظر رکھتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ کے اس منصوبے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے ٹریک تک رسائی، پبلک ویٹنگ ایریا، روشنی اور صفائی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ٹاؤن چیئرمین محمد دین راجپوت نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ کی خصوصی دلچسپی سے سکھر کے عوام کو ایک نئی اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی، جو شہریوں کے لیے سہولت، وقت کی بچت اور ٹریفک میں کمی کا باعث بنے گی۔انہوں نے کہا کہ "ھوجمالو ٹرین سروس” سکھر کے شہریوں کے لیے ایک تحفہ ہوگی، جو شہر کی سماجی و معاشی سرگرمیوں میں نئی جان ڈالے گی۔ ترجمان ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق جلد ہی پلیٹ فارم کی تعمیر، راستوں کی بہتری اور دیگر انتظامات کا کام شروع کیا جائے گا، جس کے بعد ٹرین سروس کا باقاعدہ افتتاح ضلعی و ٹاؤن نمائندگان کی موجودگی میں کیا جائے گا۔

رپورٹ رضوان لودھی

 

 


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے