ابراہم اکارڈز کا حصہ بننے اور اسرائیل سے تعلقات کے اشارے تشویشناک ہے، تنظیم اسلامی

شیئر کریں

لاہور: اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کا ابراہم اکارڈز کا حصہ بننے اور ناجاائز صیہونی ریاست اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے اشارے دینا انتہائی تشویشناک ہے۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے قیام پاکستان کے فوراً بعد یہ بیان دے کر کہا تھا کہ ’’اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے‘‘اور پاکستان کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا ۔ 

شجاع الدین شیخ نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کی ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کو کبھی تسلیم نہ کرنے کی مستقل اور اٹل ریاستی پالیسی کو بیان کر دیا تھا۔ پھر یہ کہ اس سے کئی سال قبل تحریکِ پاکستان کے دوران اُنہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’جب تک ایک بھی مسلمان مرد اور عورت زندہ ہے، فلسطینیوں کی سر زمین پر یہودی ریاست کے وجود کا کوئی جواز قابلِ قبول نہیں ‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علیٰ خان شہید کے دورۂ امریکہ کے دوران جب ایک یہودی میزبان نے یہ کہا کہ پاکستان ایک نوزائیدہ ریاست ہے اور اگر وہ اسرائیل کو تسلیم کرلے تو اُس کے لیے خزانوں کے منہ کھول دیے جائیں گے تو جواب میں شہیدِ ملت نے یہ ایمان افروز جملہ ادا کر کے صاف انکار کر دیا تھا کہ "Gentlemen, Our souls are not for sale”۔ حقیقت یہ ہے کہ مغربی ممالک کی تاریخ نسل کُشی کے اندوہناک واقعات سے بھری پڑی ہے اور اب وہ غزہ میں جاری مسلمانوں کی نسل کُشی میں اسرائیل کی مکمل معاونت کر رہے ہیں۔

امیر تنظیم اسلامی نے کہا کہ دینی حوالے سے بھی یہود کو ’’مغضوب علیھم ‘‘ قرار دیا گیا ہے اور اُن کی سیاہ تاریخ کو قران پاک میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہے ۔ پھر یہ کہ یہود کی بحیثیت اُمت مسلمہ معزولی کے بعد اب قبلہ اوّل اور ارضِ مقدس کی تولیت کا مسلمانوں کے علاوہ کسی کو کوئی حق حاصل نہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حیرت اور افسوس کا مقام ہے کہ اِن تمام شواہد اور جوازوں کے باوجود پاکستان میں ہر کچھ عرصہ بعد ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بحث چھیڑدی جاتی ہے جو انتہائی شرناک ہے ۔ اگر آج پاکستان ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کو تسلیم کرلیتا ہے تو کل کشمیر پر بھارتی قبضہ کے خلاف کس منہ سے آواز بلند کرے گا۔

شجاع الدین شیخ کا کہنا تھا کہ حکومتی عہدیداران کو، جن کے ذریعے اس بحث کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کے غیور عوام کبھی اپنے فلسطینی بھائیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی اجازت نہیں دیں گے۔


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے