سکھر: محکمہ شماریات، حکومتِ پاکستان کے زیرِ اہتمام "ڈیٹا فیسٹ 2025” اسلام آباد کے پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں 11 اور 12 نومبر 2025 کو منعقد کیا جائے گا۔ اس دو روزہ تقریب میں ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبہ، سرکاری و نجی شعبے کے ماہرین، محققین اور مختلف نمائندگان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

ڈیٹا فیسٹ 2025 کا بنیادی مقصد جدید اور ڈیجیٹل طریقہ کار کے ذریعے اعداد و شمار کے مؤثر استعمال، تجزیے اور پالیسی سازی کے نئے ماڈلز اور خیالات کو فروغ دینا ہے۔ تقریب میں معاشی ترقی، ماحولیات، سماجی برابری، ای–کامرس، اور ڈیجیٹل ڈیٹا مینجمنٹ سمیت دیگر اہم موضوعات پر بھی سیشنز ہوں گے۔

اس سلسلے میں پاکستان بیورو آف اسٹیٹِسٹکس اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے باہمی تعاون سے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت چیف شماریاتی آفیسر سکھر وسیم حیدر منگی، مظہر لاڑک، اسٹیٹِسٹکس آفیسر صفدر گل میمن، سینسس ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر طارق رؤف اور آئی بی اے یونیورسٹی کے نمائندے راشد حسین عباسی نے کی۔ریلی میں پاکستان بیورو آف اسٹیٹِسٹکس کے افسران، اساتذہ، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بیورو آف اسٹیٹِسٹکس کے افسران نے کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد یہ اجاگر کرنا ہے کہ ڈیٹا کی اہمیت صرف سرکاری اداروں تک محدود نہیں بلکہ طلبہ اور نوجوان نسل کو بھی ڈیٹا کے درست استعمال اور پالیسی سازی میں اس کے کردار سے آگاہ کرنا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ شماریات، حکومتِ پاکستان جدید تقاضوں کے مطابق "ڈیجیٹل پاکستان انیشیٹو” اور "ویژن 2030” کے تحت اعداد و شمار کے روایتی نظام کو مکمل ڈیجیٹلائزیشن کی طرف منتقل کر رہا ہے تاکہ پالیسی سازی کے عمل کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔مقررین نے طلبہ کو ڈیٹا فیسٹ 2025 میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تحقیقی و تخلیقی ماڈلز پیش کریں تاکہ یونیورسٹی سطح کے نوجوان مستقبل میں ڈیٹا پالیٹکس، تجزیہ کاری اور فنی تحقیق کا فعال حصہ بن سکیں۔


