لاڑکانہ:ضلع شکارپور کے تعلقہ خانپور کے گاؤں محمد ہاشم کھلہوڑو کی رہائشی پیرسن عورت نے بااثر افراد اور پولیس کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران، نجیبان زوجہ میر حسن کھلہوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہائی غریب اور مجبور ہیں، اور میرے بچے محنت مزدوری کرتے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ڈیڑھ ماہ قبل گاؤں سمن سومری کے رہائشی خان محمد سومرو، قربان سومرو اور عقیل سومرو کے اوطاق سے سولر پینل چوری ہو گئے تھے، جس میں میرے بچوں کا کوئی تعلق نہیں تھا۔ نجیبان نے بتایا کہ باوجود اس کے، مذکورہ بااثر افراد نے شکارپور کی فوجداری تھانے کی پولیس کو رشوت دی اور میرے بیٹے عامر علی کھلہوڑو پر چوری اور پولیس مقابلے کے جھوٹے مقدمات درج کروا کر جیل بھیج دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس شکارپور کو بھی اطلاع دی گئی، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت، سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ، ایس ایس پی شکارپور اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا نوٹس لے کر میرے بیٹے پر درج جھوٹے مقدمات ختم کریں اور اسے آزاد کروا کر انصاف دلوائیں۔


