سکھر: اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی ثوبیہ فلک راؤ نے انسدادِ پولیو مہم کے چوتھے روز بھی گھر گھر جا کر پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بھٹہ روڈ، مکرانی محلہ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور گھرانوں کے سربراہان و والدین سے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے اپنی نگرانی میں پولیو ٹیم کی مدد سے ان بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جو کسی وجہ سے پہلے دنوں میں قطرے پینے سے رہ گئے تھے۔ اس موقع پر فنگر مارکنگ اور گھروں کے باہر چاکنگ کا عمل بھی مکمل کروایا گیا۔ثوبیہ فلک راؤ نے مہم کے تسلسل اور کارکردگی کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے پولیو ورکرز کی رپورٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ پہلے روز کی طرح محنت، ذمہ داری اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تمام ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں کے ہر گھر تک رسائی یقینی بنائیں اور کسی بھی بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہنے دیں۔ اگر کسی جگہ والدین کی جانب سے تعاون نہ کیا جائے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کو اطلاع دی جائے تاکہ شکایت کا بروقت ازالہ کیا جا سکے اور ہر بچے کو پولیو سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتِ سندھ کی پالیسی بالکل واضح ہے بچوں کا مکمل تحفظ اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے انتظامیہ، صحت عملہ اور والدین کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔


