سکھر: وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے صوبہ سندھ کی سینئر سیاسی شخصیت، سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی ایک منجھے ہوئے، وفادار اور بااصول سیاستدان تھے، جنہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوامی خدمت اور جمہوریت کے استحکام کے لیے وقف کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم آغا سراج درانی نے ہمیشہ عوامی خدمت، شرافتِ سیاست اور جمہوری اقدار کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا۔ ان کی سیاسی اور پارلیمانی خدمات سندھ کی تاریخ کا ایک روشن باب ہیں جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو آغا سراج درانی جیسے مخلص اور باکردار رہنما پر فخر ہے۔ ان کی وفات سے سندھ کی سیاست ایک مدبر، بردبار اور اصول پسند رہنما سے محروم ہوگئی ہے، جنہوں نے پارٹی کے منشور اور عوامی مفاد کے لیے ہمیشہ جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی کا خلوص، عزم، سیاسی بصیرت اور قیادت ہمیشہ عوام اور کارکنان کے دلوں میں زندہ رہے گی۔وزیرِ بلدیات سندھ نے اس موقع پر مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔آخر میں سید ناصر حسین شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم آغا سراج درانی کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔


