لاڑکانہ: رحمت پور تھانے کے علاقے گاؤں جڑیو چانڈیو میں مبینہ گھریلو تنازعہ کے دوران ایک شخص نے اپنی اہلیہ نصیبہ ڈیتھو پر کلہاڑیوں کے وار کر کے اسے قتل کر دیا اور موقع واردات سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کر دیا۔

قتل ہونے والی خاتون کی والدہ کلثوم ڈیتھو نے میڈیا کو بتایا کہ میری بیٹی کو اس کے شوہر ایاز ڈیتھو نے گھریلو تنازعہ کے دوران قتل کردیا اور موقع واردات سے فرار ہو گیا، کلثوم ڈیتھو نے ڈی آئی جی لاڑکانہ، ایس ایس پی اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بیٹی کےقاتل کو گرفتار کر کے اسے سخت ترین سزا دی جائے تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔ اس حوالے سے رحمت پور تھانے کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو تنازعہ کے دوران پیش آیا، تحقیقات جاری ہے اور جلد اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔ دوسری جانب، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ابھی تک کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہو سکا اور گرفتاری بھی عمل میں نہیں آ سکی۔
رپورٹ نادر مائری


