سکھر:ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سینئر صحافی طفیل رند کے بہیمانہ قتل کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی قابلِ مذمت اور افسوسناک سانحہ قرار دیا ہے۔


میئر سکھر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ صحافیوں پر حملے دراصل آزادیِ اظہارِ رائے پر حملے کے مترادف ہیں، جو کسی بھی مہذب معاشرے میں برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور ضمیر کی آواز ہوتے ہیں، ان پر حملہ معاشرتی سچائی کو دبانے کی کوشش ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مقتول صحافی طفیل رند کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی شفاف تحقیقات ہو سکیں اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔میئر سکھر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعے میں ملوث کسی بھی شخص کو رعایت نہیں دی جائے گی، اور قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی بزدلانہ کارروائی کرنے کی ہمت نہ کر سکے۔

رپورٹ رضوان لودھی


