رین ایمرجنسی سکھر میں تعینات کنٹریکٹ ملازمین تنخواہ نہ ملنے پر سراپا احتجاج

شیئر کریں

سکھر:میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے قائم کیے گئے رین ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کنٹریکٹ ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے پر عملے نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق رین ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں 210 کنٹریکٹ ملازمین کئی ماہ گزرنے کے باوجود اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں۔ متاثرہ ملازمین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر واجبات ادا کیے جائیں۔احتجاجی مظاہرین میں شامل محمد نواز میرانی، محمد علی چوہان، نعمان کلہوڑو، ظہور احمد دھاریجو اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محکمہ کے چند افسران نے تنخواہوں کی ادائیگی میں بلاجواز رکاوٹیں پیدا کر رکھی ہیں، جس کے باعث ملازمین شدید ذہنی اذیت اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے تنخواہیں جاری کرنے کا نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے، تاہم متعلقہ افسران اس پر عمل درآمد سے گریز کر رہے ہیں۔ ملازمین کے مطابق جب وہ اپنے حق کے لیے افسران کے دفاتر کا رخ کرتے ہیں تو انہیں بدسلوکی اور تذلیل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔احتجاجی ملازمین نے خبردار کیا کہ اگر ان کی تنخواہیں فوری طور پر ادا نہ کی گئیں تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیں گے اور ڈرینج پمپ بند کر کے اپنا حق منوائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ افسران اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ملازمین نے میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں اور انہیں اس ذہنی دباؤ اور مالی بحران سے نجات دلائیں تاکہ وہ اپنے فرائض مؤثر طریقے سے انجام دے سکیں۔

نمائندہ تعبیر وطن


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے