لاڑکانہ: آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کی جانب سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملک گیر احتجاجی سلسلے کے تحت ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز آپریشن سرکل آفس سے ہوا جس کی قیادت زونل چیئرمین نے کی۔ اس موقع پر زونل وائس چیئرمین ہادی بخش جتوئی، زونل سیکریٹری علی محمد جتوئی، زونل جوائنٹ سیکریٹری ریاض حسین سانگی، ریجنل انفارمیشن سیکریٹری محمود پٹھان سمیت واپڈا کے ملازمین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریلی شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی جناح باغ پہنچی، جہاں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور سرخ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور نجکاری کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یونین رہنماؤں نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کسی بھی صورت میں عوام کے مفاد میں نہیں۔ واپڈا کے تمام مزدور اس فیصلے کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے، کیونکہ نجکاری کی صورت میں ایک طرف عوام کو مہنگی بجلی ملے گی جبکہ دوسری جانب ہزاروں ملازمین کی نوکریاں خطرے میں پڑ جائیں گی۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت بجلی کمپنیوں کے خسارے کا بہانہ بنا کر نجکاری کا منصوبہ بنا رہی ہے، مگر حقیقت میں یہ حکومتی بد نیتی کا عمل ہے، کیونکہ چند اداروں کے سوا تمام کمپنیاں منافع بخش ہیں۔ نجکاری کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اداروں کی تباہی کا راستہ ہے۔ بہتر یہ ہے کہ اداروں میں سیاسی مداخلت ختم کی جائے، اصلاحات متعارف کرائی جائیں اور انہیں خودمختار بنایا جائے تاکہ ان کی کارکردگی بہتر ہو اور عوام کو حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔
یونین رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سیپکو کے تمام ملازمین کے مسائل فوری حل کیے جائیں، پروموشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے، واجبات ادا کیے جائیں، ناقص اوزاروں کی جگہ معیاری سامان فراہم کیا جائے اور ملازمین کے خلاف ناانصافی پر مبنی کارروائیاں فی الفور بند کی جائیں۔

رپورٹ نادر مائری


