سانگھڑ شہر اور ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کی جانب جانے والی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں، شہر کے انتظامی افسران کی معمول کی گزرگاہ، مجاز ادارے بے خبر

سانگھڑ : شہر کی اہم شاہراہ جو ایس ایس پی آفس، اینٹی کرپشن آفس اور سیشن کورٹ کی طرف جاتی ہے، کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ جگہ جگہ گٹر کا گندا پانی اُبل رہا ہے، دھول مٹی نے شہریوں کا سانس لینا دوبھر کر دیا ہے، جبکہ گاڑیاں اور موٹر سائیکل سوار روزانہ حادثات کے قریب سے گزرنے پر مجبور ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے بجٹ ہڑپ کرنے والی سانگھڑ بلدیہ کے افسران اور نمائندے اپنی گاڑیاں صاف سڑکوں پر دوڑاتے ہیں، مگر عوام کو جان بوجھ کر اذیت میں دھکیل دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ سڑک براہِ راست سرکاری دفاتر کو جاتی ہے، مگر خود سرکاری افسران بھی روزانہ اس اذیت ناک راستے سے گزرتے ہیں اور پھر بھی آنکھیں بند رکھے ہوئے ہیں۔
شہری حلقوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ لگتا ہے کہ سانگھڑ بلدیہ کے حکام یا تو خواب خرگوش میں ہیں یا پھر عوامی مسائل سے مکمل بے خبر ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آخر کروڑوں کا بجٹ کہاں جا رہا ہے؟ کاغذی کارروائیوں اور فائلوں میں سڑکیں بن رہی ہیں یا حقیقت میں بھی کوئی کام ہو رہا ہے؟
عوام نے ڈی سی سانگھڑ، کمشنر میرپور خاص اور وزیر بلدیات سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور نوٹس لے کر اس سڑک کی فوری مرمت اور صفائی کرائی جائے۔ بصورتِ دیگر عوام احتجاج کا حق رکھتے ہیں اور پھر اس کی ذمہ داری براہِ راست بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ پر ہوگی۔
رپورٹ محمد وقار بھٹی


