سانگھڑ کے عوام تیل کمپنیوں کی بے حسی کا شکار: ڈیموکریٹک الائنس احتجاج

شیئر کریں

سانگھڑ : پریس کلب کے سامنے تیل کمپنی کے خلاف ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے احتجاجی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تفصیلات کے مطابق سانگھڑ پریس کلب کے سامنے ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے تیل کمپنی کے خلاف احتجاجی کیمپ لگایا گیا

جس میں ڈیموکریٹک الائنس کے صدر جبار جونیجو، میرحسن مری، عظیم رونجو، ایڈوکیٹ ہوش محمد منگی، سماجی رہنما مجید منگریو، جماعت اسلامی کے رہنما طفیل راجپوت، رشید راجپوت، قاسم عادل لغاری، جبار دھاریجو، قادرشاہ، عابد زماں خاصخیلی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر مقررین نے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ ضلع قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔

مگر بدقسمتی سے مقامی لوگوں کو اس کے کوئی فوائد نہیں پہنچائے جارہے جبکہ برسوں سے ضلع میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہورہے ہیں لیکن ان کی رائیلٹی مقامی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ نہیں کی جارہی سب بندر بانٹ ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ ماضی میں تیل کی تلاش کے دوران استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد مقامی لوگوں کے لیے خطرناک ثابت ہوا تھا جس سے مختلف بیماریاں پھیلیں اور ماحولیات آب و ہوا شدید متاثر ہوئی جبکہ جنگلی حیات کو بھی شدید نقصان پہنچا مقررین نے مزید کہا کہ تیل کمپنی کی بھاری مشینری اور گاڑیوں کی آمد و رفت کے باعث دیہاتوں اور گاؤں کے کچے پکے راستے اور سڑکیں تباہ ہورہی ہیں جس کا خمیازہ مقامی لوگ بھگت رہے ہیں احتجاجی کیمپ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ قانون کے مطابق تیل کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کریں، ساتھ ہی تعلیم، صحت، پینے کا صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کریں مگر اب تک ایسا نہیں کیا گیا ڈیمو کریٹک الائنس کے صدر جبار جونیجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ حالیہ دنوں میں نجی کمپنی سیپا اور ایس جی ایس کی جانب سے 23 اکتوبر کو سانگھڑ کے ایک نجی میرج ہال میں پبلک ہیرنگ کا انعقاد کیا گیا تھا تاہم یہ پروگرام صرف دکھاوے کے طور پر کیا گیا پروگرام میں مقامی لوگوں سیاسی و سماجی نمائندوں اور اسٹیک ہولڈرز کو شریک نہیں کیا گیا بلکہ چند مخصوص افراد کو بلا کر کارروائی مکمل کی گئی اور کروڑوں روپے کے جعلی بل بنائے گئے انہوں نے کہا کہ بعد ازاں سیپا اور ایس جی ایس کے افسران نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ سب کو دعوت دینا ان کی ذمہ داری تھی مگر ہم نے ایسا نہیں کیا گیا اس موقع پر جبار جونیجو نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور پبلک ہیرنگ دوبارہ کرائی جائے جس میں متعلقہ علاقوں کے عوام کو بلایا جائے اور ان کی رائے کو شامل کیا جائے دوسری جانب انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے براہِ راست تیل کمپنی او جی ڈی سی ایل کے مین گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

رپورٹ محمد وقار بھٹی


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے