لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) لاڑکانہ شہر کے شیخ زید موڑ کے قریب قمبر روڈ پر ایل پی جی گیس بھرنے کے لیے آنے والی ایک وین اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے نتیجے میں وین مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی جبکہ آگ قریبی دکانوں تک بھی پھیل گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق وین میں ایل پی جی گیس بھرتے وقت پائپ میں لیکیج کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ عملے کو بلایا گیا، تاہم عملے کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث وین مکمل طور پر جل گئی اور قریبی دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ایل پی جی گیس کا دکان چلانے والا دکاندار واقعے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ ایل پی جی گیس فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ان دکانوں کو رہائشی علاقوں سے ہٹا کر شہر سے باہر منتقل کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔
شیخ زید موڑ لاڑکانہ میں ایل پی جی گیس بھرتے ہوئے وین میں آگ بھڑک اٹھی، قریبی دکانیں بھی متأثر


