لاڑکانہ : سماجی تنظیم بقاۓ انسانی فورم ضلع کی جانب سے منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار کے خلاف ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور سخت نعرے بازی کی۔اس موقع پر تنظیم کے قائدین نور حسین چانڈیو، ایاز سندھی، مور چانڈیو، علی مستوئی، رفیق چانڈیو اور دیگر نے کہا کہ لاڑکانہ شہر سمیت آس پاس کے علاقوں میں منشیات کا کاروبار عام ہو گیا ہے۔ منشیات فروش آئس، ہیروئن، افیم، چرس، بھنگ، گٹکی سمیت دیگر نشہ آور اشیاء کھلے عام فروخت کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے نوجوان نسل تباہی کے کنارے پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کا استعمال بڑھ گیا ہے، جس سے طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران اس غیر قانونی عمل کو روکنے کے لیے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کر رہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور منشیات کے بڑھتے ہوئے کاروبار کو مکمل طور پر بند کیا جائے تاکہ نوجوانوں کی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

(رپورٹ نادر مائری)


