چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کے سیاسی سیکریٹری جمیل احمد سومرو کا موریا لوپ بند اور برڑا پتن کا دورہ

شیئر کریں

لاڑکانہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سیاسی سیکریٹری اور رکن سندھ اسمبلی لاڑکانہ، جمیل احمد سومرو نے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا اور دیگر افسران کے ہمراہ موریا لوپ بند اور برڑا پتن کا دورہ کیا، جہاں انہيں محکمہ آبپاشی کے چیف انجینئر مختیار ابڑو نے پانی کی صورتحال اور بندوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمیل احمد سومرو نے کہا کہ بھارت سے آنے والے سیلابی ریلوں نے جنوبی پنجاب میں تباہی مچائی ہے جس کے باعث شہر، دیہات اور بستیاں زیرِ آب آ گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امکان ہے سندھ دریا میں 11 سے ساڑھے 11 لاکھ کیوسک پانی داخل ہو، اسی لیے سندھ حکومت اور محکمہ آبپاشی نے سپر فلڈ کے خدشے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل کیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سیلاب متاثرین ہمارے بھائی ہیں، ان کی تکالیف ہماری تکالیف ہیں، اسی لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی تمام سرگرمیاں متاثرین کی امداد اور بحالی کے کام مکمل ہونے تک معطل کر دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے منتخب نمائندے وقتاً فوقتاً بندوں کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ موریا لوپ بند پہلے حساس مقام تھا، جہاں محکمہ آبپاشی نے سو فٹ پتھر کا حفاظتی بند تعمیر کیا ہے جو سپر فلڈ سے نمٹنے کی تیاری تھی۔ جمیل سومرو نے بتایا کہ اس وقت سکھر بیراج پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 18 ہزار کیوسک ہے اور یہاں بھی اتنا ہی پانی موجود ہے۔ دریا کے بہاؤ سے رائٹ بینک پر دباؤ زیادہ ہوتا ہے جبکہ لیفٹ بینک پر دباؤ کم رہتا ہے جس پر اسٹڈی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور محکمہ آبپاشی مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھیں گے کیونکہ ہماری معیشت کا انحصار دریائے سندھ پر ہے۔
آخر میں جمیل سومرو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سردار ممتاز علی بھٹو کے انتقال پر امیر بخش بھٹو سے تعزیت کی ہے، جس پر خوشی ہونی چاہیے کہ دو خاندان قریب آئے ہیں، اگر تین خاندان اکٹھے ہوں تو یہ اور بھی خوشی کی بات ہوگی تاکہ باقی لوگوں کی بلیک میلنگ کا خاتمہ ہو سکے۔

(رپورٹ نادر مائری)


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے