لاڑکانہ : سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) لاڑکانہ کی جانب سے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر دوست محمد راہو، سیکریٹری انوائرنمنٹ، کلائمیٹ چینج و کوسٹل ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ زبیر احمد چنہ اور ڈی جی سیپا وقار حسین پھلپوٹو کی ہدایات پر سیپا ریجنل آفس کی ٹیموں نے ڈپٹی ڈائریکٹر و ریجنل انچارج سیپا سید ممتاز علی شاہ کی قیادت میں شہر کے مختلف شاپنگ مالز، مارکیٹوں اور ہول سیل شاپس کا دورہ کیا۔

کارروائی کے دوران سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 2014 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور متعدد دکانوں سے پابندی شدہ پلاسٹک شاپنگ بیگز برآمد ہوئے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر و ریجنل انچارج سیپا سید ممتاز علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ دکانداروں کو ماحولیات کے نوٹس جاری کر کے سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر پلاسٹک بیگز کا استعمال بند کریں اور اس کے متبادل بیگز استعمال میں لائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی تاکہ پلاسٹک پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔
(رپورٹ نادر مائری)


