ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کے چرچے: عبدالرحمٰن نے پولی گراس میجک اسکل ایوارڈ جیت لیا

شیئر کریں

لاہور: پاکستان کے ابھرتے ہوئے ہاکی کھلاڑی عبدالرحمٰن نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں پولی گراس میجک اسکل ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے جس سے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا ہے۔

اس اعزاز کا فیصلہ ہالینڈ اور بیلجیئم میں منعقدہ ایونٹ کے بعد دنیا بھر کے ہاکی شائقین کی جانب سے کی گئی ووٹنگ کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عبدالرحمٰن نے ویلز کے خلاف میچ کے دوران اپنے غیر معمولی تھری ڈی سکلز کا جادو جگایا تھا۔

انہوں نے نہایت مہارت سے بال کو ہوا میں کنٹرول کرتے ہوئے حریف ٹیم کے 4 تجربہ کار ڈیفنڈرز کو چکمہ دے کر ایک شاندار گول اسکور کیا۔ ان کی اس منفرد اور دیدہ زیب کارکردگی کو ہاکی کے ماہرین اور مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا تھا۔

عالمی سطح پر ہونے والی اس ووٹنگ میں عبدالرحمٰن نے 44 فیصد ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کے مدمقابل کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔ اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 6 بہترین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل تھے۔

یہ معتبر ایوارڈ ایف آئی ایچ کے گلوبل سپلائر پولی ٹین کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔ ووٹنگ کا عمل 4 سے 13 ستمبر تک جاری رہا۔ خواتین کے زمرے میں ہندوستان کی گول کیپر بیچو دیوی کاریبام نے 52 فیصد ووٹ لے کر یہ ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے عبدالرحمٰن کو اس بڑی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرحمٰن کی یہ عالمی کامیابی پاکستان میں ہاکی کے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یقیناً مشعل راہ ثابت ہوگی۔

اس کامیابی سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کا ٹیلنٹ اب بھی دنیا بھر میں اپنی پہچان بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ قومی سطح پر اس خبر کے بعد سے کھلاڑیوں اور شائقین کی جانب سے عبدالرحمٰن کے لیے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے