سکھر : پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ ضلع سکھر کا اہم اجلاس ضلعی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مسلم لیگ (ن) ضلع سکھر کے صدر خورشید احمد میرانی نے کی۔ اجلاس میں یوتھ ونگ کے تمام ضلعی عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران یوتھ ونگ ضلع سکھر کے عہدیداران نے صدر خورشید احمد میرانی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قیادت پر اطمینان اور پارٹی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ اجلاس میں باقاعدہ قرارداد منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

قرارداد کو اکثریت رائے سے منظور کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ضلع سکھر خورشید احمد میرانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے نوجوان پارٹی کا اثاثہ ہیں، جنہیں قائد محترم میاں محمد نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف جماعتوں کے ایجنٹ بن کر پارٹی میں انتشار پھیلانے والے شرپسند عناصر کو ہر صورت روکا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نظم و ضبط برقرار رکھنا ہر کارکن کی اولین ذمہ داری ہے، تاکہ مسلم لیگ (ن) کو ضلع سکھر سمیت پورے سندھ میں مزید مضبوط کیا جا سکے۔خورشید احمد میرانی نے تمام عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنماؤں اور نوجوانوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا،ہماری منزل قائد کے وژن کے مطابق ترقی، استحکام اور خوشحال پاکستان ہے۔اجلاس میں میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالفتاح ابڑو، یوتھ ونگ ضلع سکھر کے صدر شاہد حسین میرانی، جنرل سیکریٹری دانیال عالم، انفارمیشن سیکریٹری راشد علی مہر سمیت دیگر رہنما علیان خان، محمد وقار، محمد ذیشان، محمد رشید عباسی، عابد حسین، محمد مبین، انور راجپوت، کامران عباسی، شاہنواز میرانی، گل مہر، احسان بھیو، عابد حسین اور دیگر کارکنان موجود تھے۔اجلاس کے اختتام پر پارٹی نظم و ضبط، تنظیمی استحکام اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کرنے کا عزم کیا گیا۔

رپورٹ رضوان لودھی


