بقایاجات کی عدم ادائیگی پر یوٹیلیٹی اسٹور برطرف ملازم کا لاڑکانہ پریس کلب پر احتجاج

شیئر کریں

لاڑکانہ: ایمپائر روڈ کے رہائشی یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کے برطرف ملازم نے اپنے بچوں کے ہمراہ بقایا تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔


اس موقع پر احتجاج کرنے والے برطرف ملازم وسیم احمد مغل نے اپنے بیٹوں نور محمد، حفیظ اللہ اور بیٹی آمنہ کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل اسے یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن میں ملازمت ملی تھی اور وہ ایمپائر اسٹور پر اکاؤنٹنٹ کے طور پر ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، تاہم 31 اگست کو وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کے فیصلے کے بعد اسے دیگر ملازمین سمیت برطرف کردیا گیا۔ اس کے نتیجے میں وہ بے روزگار ہوگیا لیکن تین ماہ کی تنخواہیں اب تک ادا نہیں کی گئیں اور نہ ہی وزیرِاعظم کی جانب سے اعلان کردہ گولڈن ہینڈ شیک کی رقم دی گئی ہے۔ وسیم احمد مغل نے بتایا کہ اس کے تین بچے ہیں اور وہ کرایے کے مکان میں رہائش پذیر ہے جہاں وہ ماہانہ پانچ ہزار روپے کرایہ ادا کرتا ہے۔ ملازمت سے برطرفی کے بعد وہ اور اس کا خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ اس نے مزید کہا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات درج کرائیں لیکن کسی نے داد رسی نہیں کی جو کہ بڑی ناانصافی ہے۔مظاہرین نے حکامِ بالا سے اپیل کی کہ فوری طور پر بقایا تنخواہیں جاری کی جائیں اور گولڈن ہینڈ شیک کے تحت رقم فراہم کرکے انصاف مہیا کیا جائے۔

 

(رپورٹ نادر مائری)


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے