لاڑکانہ: عوامی شہری اتحاد لاڑکانہ کے رہنماؤں کے وفد نے شہر کے اہم مسائل اور ان کے حل کے لیے ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری سے ملاقات کی۔ وفد میں چیئرمین انجینئر قربان علی ابڑو، صدر ایاز حسین جعفری، جنرل سیکرٹری رشید احمد میمن، وائس چیئرمین حکیم ذوالفقار صدیقی، نائب صدر صفدر علی سومرو، نائب صدر عبدالعزیز شیخ، نائب صدر محمد رکھیل بھٹو اور انفارمیشن سیکرٹری جان محمد تنیو شامل تھے۔ ملاقات کے دوران شہر کے عوامی مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور ایس ایس پی لاڑکانہ نے مسئلوں کے حل کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔ ان اقدامات میں صبح کے اوقات میں بڑے ٹرکوں کے شہر میں داخلے پر مکمل پابندی، گاڑیوں پر سیاہ شیشے اور سائرن ہٹانا، پولیس چوکیوں کی مضبوطی، سول کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کے ہتھیار لے کر گھومنے پر پابندی، اور شفاف تحقیقات کے ذریعے بےگناہ شہریوں کو تنگ نہ کرنے کے اصول شامل ہیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری نے کہا کہ سرگرم مجرموں، اسٹیٹ کرمنلز اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری آپریشن میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ ضلعی سطح پر تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج تک 14 خطرناک مجرم پولیس مقابلوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایس ایس پی نے وفد کو یقین دلایا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے جدید سائنسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مستقبل میں مزید مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ لاڑکانہ شہر امن و سلامتی کی مثال بن سکے۔ آخر میں عوامی شہری اتحاد لاڑکانہ نے دل کی گہرائیوں سے ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔

(رپورٹ نادر مائری)


