فارنزک امور کے ماہر ڈاکٹر مائیکل فری مین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا میں کم عمر افراد کی جنسی اسمگلنگ کے الزامات کا سامنا کرنے والے جیفری ایپسٹین نے خودکشی نہیں کی تھی بلکہ اسے قتل کیا گیا تھا۔
جیفری ایپسٹین کے بھائی مارک ایپسٹین نے ڈاکٹر مائیکل فری مین کی خدمات حاصل کی ہیں، جو گزشتہ ایک سال سے ایپسٹین کی پوسٹ مارٹم رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ڈاکٹر فری مین کے مطابق پوسٹ مارٹم کی تصاویر دیکھنے کے بعد انہیں شبہ ہوا کہ ایپسٹین کی گردن پر موجود نشانات پھندے کے بجائے گلا گھونٹنے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ نشانات کسی کے جانب سے طاقت کے ساتھ گلا دبانے کے نتیجے میں بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیویارک سٹی کے چیف میڈیکل ایگزمینر، ایف بی آئی اور امریکی محکمہ انصاف نے قرار دیا تھا کہ جیفری ایپسٹین نے 2019 میں جیل کے اندر پھندا لگا کر خودکشی کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس کی نگرانی پر مامور دو جیل محافظ مبینہ طور پر سو گئے تھے، جس کے باعث انہیں واقعے کا علم نہ ہوسکا، جبکہ اس کے کمرے کے باہر نصب کیمرے بھی اس وقت خراب تھے۔




