اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے عمر کی شناخت کا نظام متعارف کرانے کا اعلان

شیئر کریں

میٹا نے دنیا بھر میں اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے عمر کی شناخت کا نظام متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹ انسٹاگرام نے کم عمر صارفین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی عمر کی شناخت کے نظام کو دنیا بھر میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے نوجوانوں کی بھی نشاندہی کی جاسکے گی جو اکاؤنٹ بناتے وقت اپنی اصل عمر چھپا کر خود کو بالغ ظاہر کرتے ہیں۔

میٹا نے اعلان کیا کہ انسٹاگرام اب اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ان اکاؤنٹس کی شناخت کرے گا جن کے صارفین کی عمر 18 سال سے کم ہونے کا شبہ ہو، خواہ انہوں نے رجسٹریشن کے دوران اپنی تاریخِ پیدائش بالغ افراد کے مطابق درج کی ہو۔

کمپنی کے مطابق، شناخت ہونے والے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس پر خودکار طور پر انسٹاگرام کے ٹین اکاؤنٹ کے حفاظتی ضوابط نافذ کیے جاسکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو نامناسب مواد، غیر ضروری رابطوں اور سوشل میڈیا کے حد سے زیادہ استعمال کے ممکنہ منفی اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو درپیش اہم چیلنجز میں صارفین کی درست عمر کی تصدیق بھی شامل ہے کیونکہ بعض بچے اور نوجوان بالغوں کے لیے مخصوص سہولیات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنی تاریخِ پیدائش غلط درج کردیتے ہیں۔

میٹا اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایسے اکاؤنٹس کا جائزہ لے گی جن کے بارے میں دستیاب معلومات سے صارف کے کم عمر ہونے کا شبہ پیدا ہو، چاہے اکاؤنٹ میں درج تاریخِ پیدائش اس کے برعکس ہو۔

انسٹاگرام کے ٹین اکاؤنٹس میں نوجوانوں کی آن لائن حفاظت کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات شامل ہیں، جن کے تحت رابطوں کی پابندی اور نوجوانوں کو پیغام بھیجنے یا ان سے رابطہ کرنے والے افراد کی رسائی محدود کی جائے گی۔

کم عمر صارفین کو دکھائے جانے والے مواد پر پابندیاں عائد ہوں گی تاکہ انہیں نامناسب اور نقصان دہ مواد سے محفوظ رکھا جاسکے۔

میٹا نے واضح کیا ہے کہ عمر کی شناخت کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی کو فیس بک پر بھی توسیع دی جارہی ہے، جبکہ رواں سال کے آخر میں تھریڈز پر بھی اسی نوعیت کا نظام عالمی سطح پر متعارف کرانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

ٹ


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے