ڈھاکا: بنگلادیشی حکومت نے بھارت میں مقیم مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کی درخواست مسترد کردی ہے جبکہ حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی ایسے شخص کو پاسپورٹ جاری نہیں کرتی جسے دہشت گرد یا مجرم قرار دیا گیا ہو۔ بنگلادیش نے ایک بار پھر بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شیخ حسینہ واجد کو اس کے حوالے کرے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھائی جاسکے۔
بنگلادیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ فراہم نہیں کرتا، شیخ حسینہ واجد ایک مفرور مجرم ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
ہمایوں کبیر نے کہا کہ بنگلادیش اور بھارت کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ موجود ہے، اس لیے بنگلادیش چاہتا ہے کہ بھارتی حکومت شیخ حسینہ واجد کو اس کے حوالے کرے تاکہ انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔
انہوں نے شیخ حسینہ واجد کے معاملے پر طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کیا بنگلادیش کو ان کے ساتھ ایک عام مسافر جیسا برتاؤ کرنا چاہیے اور انہیں یہ کہنا چاہیے کہ آئیں، اپنے سسرالی گھر تشریف لے آئیں؟ ان کے اس بیان کو بھارت میں شیخ حسینہ واجد کی موجودگی اور ان کی حوالگی کے معاملے پر بنگلادیشی حکومت کے سخت مؤقف کا اظہار قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ مفرور شیخ حسینہ واجد نے بھارت میں قیام کے دوران بنگلادیش واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست دی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے یہ درخواست مسترد کردی گئی ہے۔
دوسری جانب شیخ حسینہ واجد نےکہا ہے کہ ان کا وطن واپس آنے اور عدالت کے سامنے پیش ہونے کا ارادہ ہے، وہ بنگلادیش واپس آکر اپنے خلاف عائد الزامات کا سامنا کرنا چاہتی ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے دوران حکومت مخالف مظاہروں پر مہلک کریک ڈاؤن کے بعد اگست 2024 میں شیخ حسینہ واجد اقتدار چھوڑ کر بھارت فرار ہو گئی تھیں، جہاں وہ اس وقت بھی مقیم ہیں۔
بنگلادیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں طلبہ کی تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے الزام میں شیخ حسینہ واجد کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔




