سہ ملکی سیریز میں فاتحانہ آغاز: پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے دی

شیئر کریں

پاکستان نے ون ڈے سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کرلیا۔

قومی ٹیم کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستان نے سلمان آغا کی شاندار سنچری کی بدولت 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے 90 گیندوں پر 107 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

بابر اعظم نے 57 گیندوں پر 45 رنز بنائے جبکہ سعد بیگ نے 40 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے، حسن نواز نے 49 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسیتھا فرنینڈو نے 3 اور دلشان مدوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد مہمان ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی۔ تاہم پون رتنا نائیکے اور جینتھ لیانگے نے مزاحمت کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔

پون رتنا نائیکے نے 74 گیندوں پر 79 رنز بنائے، جن میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ جینتھ لیانگے نے 74 گیندوں پر 60 رنز اسکور کیے، جبکہ کامندو مینڈس نے 50 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ داسن شناکا نے 18 گیندوں پر 28 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں بولنگ کی، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی بولرز نے آخری اوورز میں سری لنکن بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھا اور پوری ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی یوں پاکستان نے میچ 37 رنز سے جیت کر سہ ملکی سیریز میں اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا۔

سہ ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں سہ ملکی ون ڈے سیریز میں آمنے سامنے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، 20 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہی پاکستان اور انگلینڈ مدمقابل ہوں گے۔

22 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ سیریز کے باقی میچ لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ لاہور میں ہو گا، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ ہو گا۔

تینوں ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں ایک دوسرے کے خلاف 2، 2 میچ کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست 2 ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔

 


شیئر کریں

آپ کا تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے