گندم کا آٹا محض پیٹ بھرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ انسانی صحت کے لیے لاتعداد غذائی اجزاء سے بھرپور ایک اہم غذا ہے جو جسمانی نظام کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ماہرین نے اسے صحت کے لیے مفید قرار دیا ہے۔
گندم کے دانے 3 بنیادی حصوں بران، جرم اور اینڈواسپرم پر مشتمل ہوتے ہیں جن میں قدرتی طور پر فائبر، پروٹین، وٹامنز، زنک اور میگنیشیم کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔
یہ اجزاء انسانی جسم کو توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اندرونی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔
نظامِ ہاضمہ کی درستگی کے لیے گندم میں موجود فائبر انتہائی اہمیت رکھتا ہے جو آنتوں کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔ فائبر کا مناسب استعمال طویل وقت تک پیٹ بھرے ہونے کا احساس دلاتا ہے، جس سے وزن کو کنٹرول میں رکھنے اور موٹاپے سے بچنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔
تحقیقات کے مطابق روزانہ گندم سے بنی 3 غذائیں استعمال کرنے والوں کا باڈی ماس انڈیکس متوازن رہتا ہے۔ اس کے علاوہ گندم میں پایا جانے والا سیلینیم جسم کو آکسیڈیٹو نقصان سے بچاتا ہے، جبکہ وٹامن ای اور زنک جلد اور بالوں کی صحت کے لیے بہترین ثابت ہوتے ہیں۔
دل کی صحت کے لیے گندم کو ایک بہترین غذا تسلیم کیا جاتا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ 28 گرام گندم کا استعمال قلبی امراض کے خطرات کو کم کر سکتا ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں سوزش کے عمل کو قابو میں رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
متوازن غذا میں گندم اور دیگر مکمل اناج کو شامل کرنا کینسر جیسی دائمی بیماریوں کے خلاف جسمانی دفاع کو مضبوط بنا سکتا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف ایک غذا پر انحصار کرنے کے بجائے صحت مند طرزِ زندگی اور مجموعی متوازن غذا پر توجہ دینا زیادہ ضروری ہے۔
ماہرین نے زور دیا ہے کہ انسانی جسم کے معمول کے افعال اور ڈی این اے کو صحت مند رکھنے کے لیے وٹامن بی اور ای سے بھرپور گندم کا استعمال کرنا چاہیے۔ یہ عام غذا انسانی جسم کی مجموعی نشوونما اور بیماریوں کے خلاف مدافعت میں انتہائی فعال کردار ادا کرتی ہے۔




