سسٹم میں بڑی خرابی، برطانیہ کا فلائٹ آپریشن درہم برہم، 3000 پروازیں متاثر

شیئر کریں

لندن: برطانیہ میں فلائٹ پروسیسنگ اور ریڈار سسٹم میں بڑی خرابی کے باعث فضائی آپریشن درہم برہم ہوگیا، جس سے 3 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، 900 ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ جبکہ 2 ہزار 100 تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز کے فلائٹ پروسیسنگ اور ریڈار سسٹم میں خرابی کے باعث لندن کے ہیتھرو، گیٹوک، مانچسٹر، برمنگھم، ایڈنبرا، لوٹن اور گلاسگو سمیت 15 بڑے ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا۔

ایک اندازے کے مطابق برطانیہ کی 3 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں 10 بڑے ایئرپورٹس سے 900 پروازیں منسوخ جبکہ 2 ہزار 100 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

آخری اطلاعات کے مطابق لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے 300 پروازیں منسوخ جبکہ 550 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ لوٹن ایئرپورٹ کی 80 پروازیں منسوخ اور 150 میں تاخیر ہوئی، جبکہ گیٹوک ایئرپورٹ کی 150 پروازیں منسوخ اور 325 تاخیر کا شکار ہوئیں۔

اس کے علاوہ لندن سٹی ایئرپورٹ کی 46، مانچسٹر کی 319، ڈبلن کی 336، برمنگھم کی 132 اور ایڈنبرا کی 153 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

مختلف ایئرپورٹس پر پروازوں میں تاخیر کا دورانیہ 150 سے 200 منٹ تک پہنچ گیا، جبکہ سسٹم میں خرابی کے باعث درجنوں پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ بیشتر پروازوں کو برسلز، ایمسٹرڈیم، پیرس، ڈسلڈورف اور یورپ کے دیگر ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔

رات گئے تک تکنیکی عملہ اور انجینئرز خرابی کی وجہ تلاش کرنے اور سسٹم کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے رہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے