امریکا نے کینیڈا سے موٹرسائیکل، ڈیری اور شراب کی درآمد پر پابندی عائد کردی

شیئر کریں

امریکہ نے منگل کو کینیڈا سے درآمد ہونے والی شراب، موٹرسائیکلوں اور ڈیری مصنوعات کی وسیع اقسام پر پابندی عائد کردی، جس سے دونوں دیرینہ اتحادیوں کے درمیان پہلے سے جاری تلخ تجارتی تنازع مزید شدت اختیار کرگیا۔

وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر جاری نوٹس کے مطابق نئی درآمدی پابندیاں 29 ستمبر سے نافذ ہوں گی۔ یہ اقدام کینیڈا کی جانب سے امریکی مصنوعات پر جوابی ٹیرف عائد کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا۔ کینیڈا کے جوابی محصولات امریکی اشیا پر گزشتہ ماہ عائد کیے گئے 50 فیصد ٹیرف کے ردعمل میں لگائے گئے ہیں، جو تقریباً 20 ارب ڈالر کی کینیڈین درآمدات کو متاثر کرتے ہیں۔

امریکی پابندیوں میں بیئر، مختلف اقسام کی وائن، وہسکی، بوربن، رم، ووڈکا، ورموت، ٹیکیلا، میزکال اور برانڈی سمیت متعدد الکوحل مصنوعات شامل ہیں۔ ڈیری سے متعلق پابندیوں میں وہے پروٹین، اِنورٹ مولاسس، گنے کا مولاسس اور نان الکوحل بیئر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مختلف اقسام کی پنیر مصنوعات کو 50 فیصد ٹیرف کے تابع اشیا کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، تاہم ان پر مکمل درآمدی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ کاغذ، ایلومینیم، لکڑی، فرنیچر اور لائٹنگ سمیت دیگر مصنوعات بھی اضافی ٹیرف کی فہرست میں شامل ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق کینیڈین گاڑیوں پر موجودہ 25 فیصد ٹیرف کو یکم جنوری سے 50 فیصد تک بڑھانے کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی بھی برقرار ہے۔

دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ ملک کے پاس اپنی معیشت کو نئی سمت دینے اور ترقی کے لیے درکار تمام وسائل موجود ہیں، تاہم اس تبدیلی کی ایک قیمت ہوگی۔

کینیڈا نے تقریباً 20 ارب ڈالر مالیت کی امریکی مصنوعات پر 15 سے 50 فیصد تک جوابی ڈیوٹیز عائد کی ہیں، جن میں اسٹیل، فرنیچر، کپڑے اور الیکٹرانکس شامل ہیں۔

تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتا ہوا تجارتی تنازع شمالی امریکا کے آزاد تجارتی معاہدے کے مستقبل کو متاثر کرسکتا ہے، جس نے کئی دہائیوں سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کے درمیان تجارت کو سہارا دیا ہے۔


شیئر کریں

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے